Skip to content
میر تقی میر میر تقی میر

فلک نے گر کیا رخصت مجھے سیر بیاباں کو

فلک نے گر کیا رخصت مجھے سیر بیاباں کو نکالا سر سے میرے جاے مو خار مغیلاں کو وہ ظالم بھی تو سمجھے کہہ رکھا ہے ہم نے یاراں کو کہ گورستان سے گاڑیں جدا ہم اہل ہجراں کو نہیں یہ بید مجنوں گردش گردون گرداں نے بنایا ہے شجر کیا جانیے کس مو پریشاں کو ہوئے تھے جیسے مرجاتے پر اب تو سخت حسرت ہے کیا دشوار نادانی سے ہم نے کار آساں کو کہیں نسل آدمی کی اٹھ نہ جاوے اس زمانے میں کہ موتی آب حیواں جانتے ہیں آب انساں کو تجھے گر چشم عبرت ہے تو آندھی اور بگولے سے تماشا کر غبار افشانی خاک عزیزاں کو لباس مرد میداں جوہر ذاتی کفایت ہے نہیں پرواے پوشش معرکے میں تیغ عریاں کو ہواے ابر میں گرمی نہیں جو تو نہ ہو ساقی دم افسردہ کردے منجمد رشحات باراں کو جلیں ہیں کب کی مژگاں آنسوئوں کی گرم جوشی سے اس آب چشم کی جوشش نے آتش دی نیستاں کو وہ کافر عشق کا ہے دل کہ میری بھی رگ جاں تک سدا زنار ہی تسبیح ہے اس نامسلماں کو غرور ناز سے آنکھیں نہ کھولیں اس جفا جونے ملا پائوں تلے جب تک نہ چشم صد غزالاں کو نہ سی چشم طمع خوان فلک پر خام دستی سے کہ جام خون دے ہے ہر سحر یہ اپنے مہماں کو زبس صرف جنوں میرے ہوا آہن عجب مت کر نہ ہو گر حلقۂ در خانۂ زنجیر سازاں کو بنے ناواقف شادی اگر ہم بزم عشرت میں دہان زخم دل سمجھے جو دیکھا روے خنداں کو نہیں ریگ رواں مجنوں کے دل کی بے قراری نے کیا ہے مضطرب ہر ذرئہ گرد بیاباں کو کسی کے واسطے رسواے عالم ہو پہ جی میں رکھ کہ مارا جائے جو ظاہر کرے اس راز پنہاں کو گری پڑتی ہے بجلی ہی تبھی سے خرمن گل پر ٹک اک ہنس میرے رونے پر کہ دیکھے تیرے دنداں کو غرور ناز قاتل کو لیے جا ہے کوئی پوچھے چلا تو سونپ کر کس کے تئیں اس صید بے جاں کو وہ تخم سوختہ تھے ہم کہ سرسبزی نہ کی حاصل ملایا خاک میں دانہ نمط حسرت سے دہقاں کو ہوا ہوں غنچۂ پژمردہ آخر فصل کا تجھ بن نہ دے برباد حسرت کشتۂ سردرگریباں کو غم و اندوہ و بیتابی الم بے طاقتی حرماں کہوں اے ہم نشیں تاچند غم ہاے فراواں کو گل وسرو وسمن گر جائیں گے مت سیرگلشن کر ملا مت خاک میں ان باغ کے رعنا جواناں کو بہت روئے جو ہم یہ آستیں رکھ منھ پہ اے بجلی نہ چشم کم سے دیکھ اس یادگارچشم گریاں کو مزاج اس وقت ہے اک مطلع تازہ پہ کچھ مائل کہ بے فکرسخن بنتی نہیں ہرگز سخنداں کو

Unlock the Power of Language & AI

Benefit from dictionaries, spell checkers, and character recognizers. A revolutionary step for students, teachers, researchers, and professionals from various fields and industries.

Lughaat

Empower the academic and research process through various Pakistani and international dictionaries.

Explore

Spell Checker

Detect and correct spelling mistakes across multiple languages.

Try Now

OCR

Convert images to editable text using advanced OCR technology.

Use OCR